امریکا کا ’آسیان‘ ممالک کو 300 ملین ڈالر امداد دینے کا اعلان

مائیک پومپیو نے آسیان ممالک کے لیے امداد کا اعلان سنگاپور سمٹ کے دوران کیا۔ فوٹو : فائل

مائیک پومپیو نے آسیان ممالک کے لیے امداد کا اعلان سنگاپور سمٹ کے دوران کیا۔ فوٹو : فائل

امریکا نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کو 3 سو ملین ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سنگاپور میں جاری جنوب مشرقی ایشیائی ممالک تنظیم آسیان کے اجلاس کے دوران تین سو ملین ڈالر کی فنڈنگ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سنگاپور میں آسیان سمٹ کے دوران اپنے خطاب میں کہا ہے کہ آسیان ممالک کو یہ امداد خطے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فراہم کی جا رہی ہے جس سے بحری سیکیورٹی، انسانی بھلائی و ترقی، امن قائم کرنے کی کوششوں اور بیرونی خطرات سے نمٹنے میں زیادہ مدد مل سکے گی۔

عالمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی امداد کا مقصد اس خطے میں چین کے اثر و رسوخ کے مقابلے میں اپنی موجودگی اور اثرات کو مضبوط کرنا ہے۔ چین اور امریکا کے درمیان معاشی تناؤ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس پر قابو پانے کے لیے امریکا آسیان ممالک سے رابطے استوار کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک تنظیم “آسیان ” یعنی ایسوسی ایشن آف ایسٹ اینڈ ساؤتھ ایشین نیشن (AESAN) کو 8 اگست 1967ء میں 5 ممالک انڈونیشیا، ملائشیا، فلپائن، سنگاپور اور تھائی لینڈ نے قائم کیا تھا جس کے اب 10 رکن ہیں ان میں ویت نام، میانمار، کمبوڈیا، لاؤس اور برونائی بھی شامل ہوچکے ہیں۔ تنظیم کے قیام کا مقصد اقتصادی، سماجی اور ثقافتی میدانوں میں ارکان ممالک کو ترقی دینا اور علاقائی امن کی ترویج تھا۔

You might also like