ایران اور سعودی عرب کے درمیان کردارادا کرنے کو تیار ہیں،عمران خان

ایرانی سفیر کی عمران خان سے ملاقات،فوٹو: ٹوئٹر

ایرانی سفیر کی عمران خان سے ملاقات،فوٹو: ٹوئٹر

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ  ایران اور سعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے بنی گالا میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر ایرانی صدر کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا، ملاقات میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، شیریں مزاریں اور نعیم الحق بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون اور اشتراک کی تمام راہیں کھلی ہیں، ایران علاقائی تعاون اور ترقی کے ایجنڈے میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کا بھی خواہاں ہے جبکہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان کا مستقبل بدل سکتا ہے اور ایران اس منصوبے کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعمیری بات چیت کیلئے تیار ہے۔

ایرانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال نہایت حساس ہے تاہم ایران خطے میں امن کے لئے پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم کرے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے ایرانی صدر کی جانب سے تہنتی پیغام پہنچانے اور مبارکباد دینے پر ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسائیوں کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے، اپنی سالمیت کے تحفظ کیلئے ایران کا کردار قابل تحسین ہے جب کہ ہم ایران اور سعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

عمران خان نے دورہ ایران کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا دورہ کرنے اور تاریخی مقامات کی زیارت کی خواہش ہے۔

You might also like