ترک صدر کا دو امریکی وزیروں کے اثاثے منجمد کرنے کا اعلان

ترکی نے امریکی پابندیوں کے جواب میں یہ اقدام کیا ہے،فوٹو: فائل

ترکی نے امریکی پابندیوں کے جواب میں یہ اقدام کیا ہے،فوٹو: فائل

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکمران جماعت کے خواتین ونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے امریکا کو خبردار کیا کہ جو یہ سمجھتے ہیں کہ وہ پابندیاں لگا کر،  دھونس اور دھمکیوں کے ذریعے ترکی کو پیچھے دھکیل دیں گے تو یاد رکھیں کہ وہ ابھی ترک قوم کو جانتے نہیں ہیں۔

ترک صدر نے کہا کہ انہوں نے حکام کو ہدایات دی ہیں کہ پابندیوں کے جواب میں  دو امریکی وزیروں کے اثاثوں کو منجمد کردیں ، اس فرمان کے بعد امریکی وزیر قانون اور وزیرداخلہ کے ترکی میں موجود اثاثے منجمد کیے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں وزیر داخلہ اور وزیر قانون کا عہدہ نہیں ہوتا تاہم اس وقت رائن زنکی سیکریٹری داخلہ اور جیف سیشنز اٹارنی جنرل کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ گزشتہ روز امریکا نے اپنے ملک میں موجود  دو ترک وزراء کے اثاثے منجمد کرتے ہوئے ترکی پر مزید پابندیاں عائد کرنا کا عندیہ دیا ہے۔

دونوں نیٹو ممالک کے درمیان امریکی پادری اینڈریو برنس کے معاملے پر کشیدگی پائی جاتی ہے۔ امریکی پادری کو ترکی میں دہشت گرد قرار دی گئی تنظیم اور ناکام فوجی بغاوت کی سازش کے سرغنہ ’فیتو‘ سے تعلقات اور رابطوں کے جرم میں قید کی سزا دی گئی ہے۔

You might also like