سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ کیلیے پاکستانی ٹیم کا اعلان

14 رکنی اسکواڈ کی قیادت آفاق احمد کریں گے، طارق لطفی کوکوچ مقررکردیا گیا
فوٹو: فائل

14 رکنی اسکواڈ کی قیادت آفاق احمد کریں گے، طارق لطفی کوکوچ مقررکردیا گیا
فوٹو: فائل

 کراچی:  لیژرلیگز پاکستان نے پرتگال کے شہر لسبن میں 23 تا 29 ستمبر شیڈول سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ کیلیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا۔

پاکستانی ٹیم کی جانب سے آفاق احمد 14 رکنی ٹیم کی قیادت کرینگے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حافظ محمد ولید، عمر جاوید ،حیدر علی، سعد علی خان، زید محمود، عامر اقبال گوندل، عبدالحنان، زبیح وڑائچ، محمد زبیر، عادل (لاہور) محمد عالمگیر (پشاور)، محمد کاشف (کوئٹہ)، ظفر خان (کراچی) اور سمیر احمد شامل ہیں۔

سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ میں 2 مرتبہ کے سیف گیمز گولڈ میڈلسٹ پاکستان کے نامور اور سینئر کوچ طارق لطفی کو 32 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے، پاکستان کو گروپ بی میں روس، اسپین اور مالڈوا کے ہمراہ رکھا گیا ہے۔

لیژر لیگز نیشنل چیمپئن شپ کی فاتح آئی سی اے ڈبلیو کلب کے10 کھلاڑیوں کیساتھ سیمی فائنلسٹ ٹیموں کراچی، کوئٹہ اور پشاور کے بھی ایک ایک کھلاڑی کو پاکستان اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ میں ہر ٹیم 14کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔

ٹیم میں شامل 14ویں کھلاڑی گول کیپر سمیر خان اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں، دریں اثنا چیئرمین ورلڈ گروپ محمود ٹرنک والا نے پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں سے ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے کی توقع کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم اپنی صلاحیتوں کو پوری طرح بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریگی۔

سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ میں شامل 32 ٹیموں کو 4،4 کے 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر ٹیم سنگل لیگ کی بنیاد پر باہم مقابل ہوگی، گروپ میچز کے اختتام پر ہر گروپ کی 2،2 ٹاپ ٹیمیں پری کوارٹرفائنل کیلیے کوالیفائی کریں گی، بعدازاں کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل کھیلے جائینگے، فائنل 29 ستمبر کو شیڈول ہے۔

Source

You might also like