تحریک انصاف والے ہمارے بھائی ہیں ، نہ وہ لعنتی ہیں نہ ہم ۔۔۔۔ بڑے (ن) لیگی رہنما کے بیان نے سب کو شش و پنج میں مبتلا کر دیا
کراچی (ویب ڈیسک)مسلم لیگ ن ملک وقوم کی بہتری کے لئے قانون سازی کی حمایت کرےگی ،تحریک انصاف والے ہمارے بھائی ہیں نہ وہ لعنتی ہیں اور نہ ہم لعنتی ہیں۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ”آن دا فرنٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ نگران وزیر خارجہ کی جانب سے یہ کہنا کہ
خزانہ خالی تھا جھوٹ ہے۔عام انتخابات میں آرٹی ایس سسٹم بند ہونے کی تحقیقات ہونی چاہئے تاکہ دوبارہ ایسا نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ کبھی کے دن بڑے ، کبھی کی راتیں بڑی ، ان کو چھ ماہ حکومت کر لینے دیں پھر دیکھیں گے کہ یہ کیا کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے بھی ہمارے بھائی ہیں نہ وہ لعنتی ہیں اور نہ ہم لعنتی ہیں ان کو ایسے باتیں نہیں کرنی چاہئے ۔ شاہ محمود قریشی نے کبھی ایسی بات نہیں کی اس لئے عمران خان کو جو اب وزیر اعظم بننے جارہے ہیں ایسی باتوں سے احتراز کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں ملک وقوم کی بہتری کیلئے کوئی تحریک لے آئی تو مسلم لیگ ن اس کی حمایت کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو غدار بولنا اچھی بات نہیں ہے ۔ ایسی باتیں ہم بھی بول سکتے ہیں لیکن ہم کو کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ مجھے پتہ ہے کہ میں ملک کے ساتھ کتنا وفادار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات تھے۔ واضح رہے قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو گیس کے غیر قانونی ٹھیکوں کی انکوائری کے سلسلے میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا۔ مفتاح اسماعیل نے منگل یعنی آج نیب ہیڈ کوارٹر کراچی میں تفتیشی افسر کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ بیان ریکارڈ کرانے کے بعد مفتاح اسماعیل کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ نیب کے تفتیشی افسر نے ایل پی جی سے متعلق بات کی ہے تاہم نیب والوں کو بتایا کہ میں کسی کرپشن میں ملوث نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ نیب کی انکوائری عدالتی احکامات کا نتیجہ ہے لہذا نہیں سمجھتا کہ میرے خلاف سازش ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائدین کے فرار ہونے پر نام ای سی ایل سی میں ڈالنے پڑتے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی واپسی ایک مثال ہے۔ (ش،ز،خ)