تحریک انصاف کی پنجاب میں گرفت مضبوط۔۔۔۔گورنر پنجاب کے لیے کن رہنماؤں کے نام سامنےآگئے؟ تازہ ترین خبر آگئی

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سازی کے لیے پنجاب اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ وزرات اعلٰی کے ساتھ ساتھ گورنر پنجاب بننے کی بھی دوڑ شروع ہوگئی ہے۔تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے دوڑ ہورہی ہے

اور دونوں جماعتوں کی جانب سے حکومت بنانے کے لیے آزاد ارکان کی حمایت حاصل کرنے کے دعویٰ کیے جارہے ہیں۔پنجاب میں حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف نے 186 ارکان کی حمایت کے ساتھ اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے پی ٹی آئی کے کئی رہنما بھی سرگرم ہوگئے ہیں جن میں علیم خان، فوادچوہدری، سبطین خان، یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال اور یاسر ہمایوں کے نام شامل ہیں تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے ہی کرنا ہے۔دوسری جانب گورنر پنجاب کے لیے بھی اسحاق خاکوانی، بابر اعوان، رائے عزیز اللہ اور اعجاز چوہدری کے نام سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گورنر پنجاب کے منصب پر اسحاق خاکوانی کو لانے کے خواہاں ہیں جب کہ رائے عزیز اللہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے بااعتماد ساتھی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اعجاز چوہدری بھی پارٹی کے لیے خدمات کے باعث گورنر پنجاب بننے کی دوڑ میں شامل ہوئے ہیں جب کہ بابر اعوان کو اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کے لیے گورنر تعینات کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق تحریک انصاف نے حکومت سازی سے متعلق اہم فیصلے کرلیے جس کے مطابق

ممکنہ وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ مختصر ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی وفاقی کابینہ میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کا بھی ایک وزیر ہوگا ، بعد میں ایم کیو ایم سے ایک مشیر لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کو وزارت پورٹ اینڈ شپنگ اور وزارت محنت و افرادی قوت دینے پر غور کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کے چوہدری پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی میں اسپیکر ہوں گے ، مرکز میں مسلم لیگ ق کو کوئی وزارت نہیں ملے گی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت سازی کے بعد پہلے مرحلے میں 15 سے 20 وزراء پر مشتمل کابینہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس بنی گالہ ہوا جس میں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین سمیت پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاق اور صوبوں میں حکومت سازی کے امور پر غور کیا گیا جب کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ حکومت سازی کے فارمولے پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے حکومت سازی کے لیے اہم فیصلے کرلیے ہیں جس کے تحت پی ٹی آئی حکومت کی وفاقی کابینہ مختصر رکھی جائے گی۔عمران خان پہلے مرحلے میں 15 سے 20 وزراء کی کابینہ بنائیں گے جب کہ ابتداء میں وفاقی وزراء زیادہ اور وزرائے مملکت کی تعداد کم ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کی نمائندگی ہوگی اور زیادہ تعداد ارکان قومی اسمبلی کی ہوگی جب کہ اتحادیوں کو بھی اہم وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔(ف،م)

Source

You might also like