حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف کا ایم کیو ایم سے رابطہ

عمران خان نے واضح کیا ان کے نزدیک صرف ملکی مفاد اہم ہے، جہانگیر ترین: فوٹو: فائل
اسلام آباد / کراچی: وفاق میں حکومت سازی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق پی ٹی آئی رہنما جہانگیرترین نے ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کو ٹیلی فون کیا جس پرخالد مقبول صدیقی نے جہانگیر ترین کے رابطہ کرنے پر شکریہ اداکیا جب کہ دونوں رہنماؤں کا جلد ملاقات پر اتفاق بھی ہوا ہے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: غیرحتمی نتائج جاری، پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت
جہانگیرترین نے کہا کہ ایم کیوایم نے کراچی اور ملکی صورتحال میں اہم کردار ادا کیا، تحریک انصاف وسیع ترملکی مفاد میں سب کو ساتھ لے کرچلنا چاہتی ہے، عمران خان نے واضح کیا ان کے نزدیک صرف ملکی مفاد اہم ہے۔
دوسری جانب خالد مقبول صدیقی نے تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جماعتوں میں اتفاق ہےکہ مل بیٹھ کربات کی جاسکتی ہے، جہانگیر ترین نے فون کرکے انہیں ملاقات کی دعوت دی ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہم دونوں کی نمائندگی ہے، تاہم میں نے ان سے کہا ہے کہ آپ کومینڈیٹ ملا ہے تو کراچی کے لیے کام کریں، بات چیت کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں، تاہم تحریک انصاف کی قیادت سے ملاقات کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کرے گی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے حکومت سازی کے لیے ایم کیو ایم سمیت 5 جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کیا تھا اور عمران خان نے جہانگیرترین کو سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دے رکھا ہے۔