نجم سیٹھی مستقبل کا فیصلہ کب کریں گے؟ عمران خان کے وزیر اعطم بننے سے کرکٹ بورڈ میں کیا تبدیلیاں آنے والی ہیں؟ جگنو محسن نے حقیقت بتا دی
لاہور(ویب ڈیسک) چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی آئندہ 8 سے 10 روز میں اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔وائس آف امریکاکو انٹرویو میں پنجاب اسمبلی کی نو منتخب رکن جگنو محسن نے جہاں اپنے سیاسی مقاصد واضح کیے وہاں شوہر نجم سیٹھی کے مستقبل پر بھی بات کی۔انھوں نے کہا کہ نجم آئندہ 8 سے 10 دنوں
میں اس بارے میں اہم فیصلہ کریں گے۔وہ یہ فیصلہ اپنی عزت نفس کو سامنے رکھتے ہوئے کریں گے۔ذرائع ابلاغ میں خبریں چلتی رہی ہیں کہ عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد کرکٹ بورڈ میں بھی بڑی تبدیلیاں ہو سکتی ہیں لیکن نجم سیٹھی نے بحیثیت چیئرمین کرکٹ بورڈ کئی کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے تین سیزنز کے کامیاب انعقاد کے علاوہ وہ ٹیم میں نئے ٹیلنٹ کی شمولیت اور پرفارمنس کے سبب پاکستان کی ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2017ءانہی کے دور میں جیتنے میں کامیاب ہوئی اور بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے دروازے بھی ان کے دور میں کھلے۔ٹیم کی ریٹنگ بہتر تینوں فارمیٹس میں بہتر ہوئی۔دوسری جانب نجم سیٹھی نے 3 اگست کو اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ ”انشاءاللہ میں اور میری چڑیا جلد ٹی وی پر جلوہ گر ہوں گے“۔ اس ٹویٹ سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرنے والے ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ آیا عمران خان ذاتی تحفظات کے باوجود کیا نجم سیٹھی کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کی حیثیت سے کام جاری رکھنے کا کہہ سکتے ہیں؟۔یاد رہے کہ عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے قبل ہی ان کے قریبی دوست ذاکر خان نے کرکٹ کے حلقوں میں پیغام پہنچا دیا ہے کہ ”اب ہماری حکومت ہے لہذا کرکٹ بورڈ بھی ہمارا ہوگا“،دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں سے بیشتر لوگ کل تک موجودہ بورڈ حکام کی تعریفوں میں زمین آسمان کے قلابے ملا رہے تھے، چیئرمین کے حق میں قراردار منظور کرنے میں بھی شامل تھے،اب وہی کشتی ڈوبتی دیکھ کر چھلانگ لگانے میں سب سے آگے ہیں۔(ش،ز،خ)