نواز شریف اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقلی کے لیے ایمبولینس میں روانہ

نوازشریف کی ای سی جی بھی غیرتسلی بخش آئی ہے، جیل انتظامیہ :فوٹو:فائل

نوازشریف کی ای سی جی بھی غیرتسلی بخش آئی ہے، جیل انتظامیہ :فوٹو:فائل

 راولپنڈی: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اڈیالہ جیل میں طبیعت شدید خراب ہوگئی جس پر انہیں اسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس روانہ ہوگئی۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس میں لے جایا جارہا ہے۔ انہیں انتہائی سخت سیکیورٹی میں پمز منتقل کیا جارہا ہے ان کے معالج ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی آج صبح اڈیالہ جیل میں طبیعت بگڑ گئی تو پمز اسپتال کے ایچ او ڈی ڈاکٹر نعیم ملک نے انہیں سی سی یو منتقل کرنے کی تجویز دی تھی۔ ڈاکٹروں کی جانب سے نوازشریف کا بلڈ ٹیسٹ کیا گیا تو ان کے خون میں کلاٹس کی نشاندہی ہوئی، جس کے باعث ان کے خون کی روانی متاثر ہوگئی اور دونوں بازوں میں شدید درد اٹھا جبکہ ای سی جی بھی غیرتسلی بخش آئی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نواز شریف کا طبی معائنہ

ڈاکٹر نعیم ملک نے میاں نواز شریف کو سی سی یو منتقل کرنے کی تجویز دی تو جیل حکام نے نگراں حکومت پنجاب سے رابطہ کیا جس نے نواز شریف کو اسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔ اس حوالے سے اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی اور جیل کے اردگرد پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی جب کہ  میڈیا کو بھی جیل سے دوکلومیٹر دور روک دیا گیا۔

نگراں وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے کہا کہ نواز شریف کو اسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم سابق وزیراعظم کا طبی معائنہ کرنے والی میڈیکل ٹیم کا کہنا ہے کہ بار بار اصرار کے باوجود نواز شریف اسپتال منتقل ہونے سے انکار کررہے ہیں۔

ادھر پمزاسپتال میں سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، وی آئی پی وارڈ کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔ سادہ کپڑوں میں پولیس کے جوان پمز کے مختلف حصوں میں تعینات کردیئے گئے ہیں، غیر متعلقہ افراد کو وی آئی پی وارڈ کے باہر اور اردگرد سے ہٹایا دیا گیا ہے۔

You might also like