پولنگ کے دوران جھگڑے اور ہنگامہ آرائی، ایک شخص جاں بحق

پولنگ کے دوران سیاسی کارکنوں کے درمیان جھگڑے اور ہاتھاپائی کی بھی اطلاعات آرہی ہیں فوٹو: فائل
ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کے دوران سیاسی کارکنوں کے درمیان جھگڑوں میں ایک شخص جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک بھر میں پولنگ کا وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پولنگ کے عمل میں بھی تیزی آرہی ہے اور اس دوران کئی علاقوں میں سیاسی کارکنوں کے درمیان جھگڑے اور ہاتھاپائی کی بھی اطلاعات ہیں۔
صوابی کے کرنل شیر کلے پولنگ اسٹیشن کے باہر 2 امیدواروں کے حامیوں کے درمیان زبانی تکرار بڑھ کر خونی تصادم میں تبدیل ہوگئی ، دونوں جانب سے ایک دوسرے پر کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔
دکی کے علاقے ونی میں پولنگ اسٹیشن پر جھگڑے کے نتیجے میں 4 پولنگ ایجنٹ زخمی ہوگئے۔
کراچی کے حلقے این اے 246 لیاری بہار کالونی میں مشکوک شخص نے پولنگ اسٹیشن میں داخلے کی کوشش کی جس پر پولیس نے مشکوک شخص کو دھوڈالا۔