چوہدری نثار کا ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ

شہبازشریف کے ذریعے نوازشریف سے ملاقات کی خواہش کا اظہار نہیں کیا، چوہدری نثار :فوٹو:فائل
مسلم لیگ (ن) کے منحرف رہنما چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں میں ناکامی کے بعد ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان چوہدری نثار کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سابق وفاقی وزیرداخلہ نے انتخابی حلقوں کے دورے کے دوران عوام سے ملاقات کی اور کہا کہ الیکشن میں ساتھ دینے والے ووٹرز اور حمایتیوں کا شکرگزارہوں، حلقے کے عوام کی حمایت اور اعتماد ہی اصل اثاثہ ہے ، میری سیاست کا مقصد و محور عہدے نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے۔
ترجمان کے مطابق چوہدری نثار سے متعلق چند اخبارات میں خبریں گردش کررہی ہیں کہ وہ ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور شریف برادران سے سے رابطہ کیا ہے، تاہم یہ تمام خبریں بالکل بے بنیاد ہیں، معتبر اخبارات لغو بیانات شائع کرنے سے قبل تصدیق کر لیا کریں، چوہدری نثار علی خان نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ نہیں کیا اور ناہی انہوں نے شہبازشریف کے ذریعے نوازشریف سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ۔