این اے 60 میں الیکشن کرانے کے لئے شیخ رشید کی درخواست مسترد

سپریم کوٹ نے حلقہ 60 میں انتخابات شیڈول کے مطابق کرانے کی درخواست مسترد کردی: فوٹو: فائل

سپریم کوٹ نے حلقہ 60 میں انتخابات شیڈول کے مطابق کرانے کی درخواست مسترد کردی: فوٹو: فائل

سپریم کورٹ  نے این اے 60 میں الیکشن ملتوی کرنے سے متعلق لاہورہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف شیخ رشید کی درخواست مسترد کردی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سپریم کورٹ نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 60 میں الیکشن کرانے کی شیخ رشید کی درخواست مسترد کردی گئی ہے، اور این اے 60 میں انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ بر قراررکھا ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے این اے 60 میں الیکشن ملتوی کیے جانے کے لاہورہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور اپنے وکیل ایڈوکیٹ سردارعبدالرازق کی وساطت سے درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف پیش کیا گیا کہ کسی بھی حلقے کا الیکشن کسی امیدوار کے انتقال پر ہی ملتوی ہوسکتا ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ عمرقید کے مجرم کے لیے الیکشن ملتوی ہوا، لاہور ہائی کورٹ نے بھی قانون کو مدنظرنہیں رکھا اور الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن برقرار رکھا، عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے شیڈول کے مطابق حلقہ 60 میں الیکشن کا حکم دیا جائے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: این اے 60 میں الیکشن ملتوی ہونے کا فیصلہ برقرار

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے فاضل بنچ نے لاہوررجسٹری میں شیخ رشید کی درخواست پرسماعت کی، سپریم کورٹ نے شیخ رشید کی این اے 60 میں انتخابات کروانے کی استدعا مسترد کردی ہے اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے کہ 25 جولائی کو حلقے میں انتخابات کے ملتوی ہونے کے فیصلے کو برقرار رکھا جائے۔

واضح رہے کہ حلقہ این اے 60 سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما و امیدوار حنیف عباسی کو ایفیڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی اور الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں انتخابات ملتوی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا جس پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے این اے 60 میں الیکشن ملتوی کیے جانے کےلاہورہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جب کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے شیخ رشید کی درخواست مسترد کرتے ہوئے  این اے 60 میں الیکشن ملتوی ہونے کا فیصلہ برقراررکھا تھا۔

 

 

You might also like