اسرائیل کا شامی فائٹر جیٹ طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

اتوار کی شب بھی اسرائیلی طیاروں نے شام کی فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا تھا (فوٹو : فائل)
تل ابيب: اسرائیلی فضائیہ نے گولن ہائیٹس کے علاقے میں شام کا جیٹ طیارہ گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے شامی فضائیہ کے لڑاکا طیارے ’سُکھوئی جیٹ‘ کو اسرائیل کے زیر تسلط علاقے ’سطح مرتفع گولن‘ میں داخل ہونے پر مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیل کے مطابق شامی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تاہم پائلٹ سے متعلق کسی قسم کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق منگل کی صبح شامی جیٹ طیارہ اسرائیلی علاقے میں دو کلومیٹر اندر تک داخل ہوا جس پر اسرائیلی فوج نے شامی طیارے کی جانب دو میزائل داغے جس سے شامی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کسی کو بھی اپنی سرحد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔
دوسری جانب شام نے دعویٰ کیا ہے کہ مار گرایا جانے والا طیارہ شام کی سرحدی حدود کے اندر ہی پرواز کر رہا تھا جسے اسرائیل نے جارحیت کا نشانہ بنایا جو کہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ دو دن قبل اسرائیل طیاروں نے شام کے مغربی علاقے پر واقع فوجی چھاؤنی کو نشانہ بنایا تھا۔ اسرائیلی فضائیہ نے یہ کارروائی لبنان ایئر بیس سے پرواز بھر کر کی جس کے نتیجے میں شامی فضائیہ کا میزائل ڈپو تباہ ہو گیا تھا۔