پنجاب میں حکومت بنانے کیلیے شہباز شریف کا پیپلز پارٹی سے رابطہ

شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم احمد محمود سے رابطہ کیا جبکہ ق لیگ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے (فوٹو: فائل)
لاہور: مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے پیپلز پارٹی اور ق لیگ سے رابطہ کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے سابق گورنر اور پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم احمد محمود سے رابطہ کیا اور پیپلز پارٹی کو پنجاب میں حکومت کا اتحادی بننے کی پیشکش کر دی۔
ٹیلی فونک رابطے میں شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات کرنے پر بھی ہامی بھری جب کہ دونوں رہنماؤں نے جمہوریت کے لیے ساتھ ساتھ چلنے پر بھی اتفاق کیا۔
دریں اثناء مسلم لیگ (ن) نے اسی ضمن میں ق لیگ سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم چوہدری پرویز الٰہی سے رابطہ نہ ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کے رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چوہدری پرویز الہی کی رہائش گاہ پر ٹیلی فون کیا تاہم چوہدری پرویز الٰہی سے بات نہیں ہوسکی۔