تحریک انصاف کی ایم کیوایم کو حکومت میں شمولیت کی دعوت

ملاقات میں ایم کیو ایم نے اپنے مطالبات پیش کیے، ذرائع فوٹو:ایکسپریس
کراچی: تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے وفود کے درمیان ملاقات جاری ہے جس میں پی ٹی آئی نے ایم کیوایم کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کا وفد کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے عارضی مرکز بہادرآباد پہنچا جہاں وفود کی سطح پر دونوں جماعتوں کے درمیان ملاقات جاری ہے، پی ٹی آئی کے وفد میں جہانگیرترین، فردوس شمیم نقوی اور عمران اسماعیل شامل ہیں جب کہ ایم کیو ایم کی جانب سے خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار، خواجہ اظہار الحسن اور وسیم اختر مذاکرات میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے وفاق میں تحریک انصاف کا ساتھ دینے کے لیے پی ٹی آئی کے وفد کے سامنے اپنے مطالبات رکھے ہیں جن میں کراچی پیکج، بلدیاتی اختیارات کے لیے آئین میں ترمیم،شہر کے 8 حلقے کھلوانے سمیت انتظامی یونٹس جیسے مطالبات شامل ہیں۔