افغانستان، دھماکا، جھڑپیں 26 افراد جاں بحق،60زخمی

پرتشدد واقعات میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے،فوٹو: فائل

پرتشدد واقعات میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے،فوٹو: فائل

کابل / جلال آباد:  افغانستان میں بم دھماکے اور جھڑپوں میں 26 افراد جاں بحق اور 60 زخمی ہوگئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ فرح کے ضلع بالا بلوک میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 11 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق بم سے سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم ایک مسافر بس اس کی زد میں آ گئی۔

جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔داعش نے کارروائی کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔ دریں اثنا جلال آباد میں مسلح افراد نے ایک سرکاری عمارت میں گھس کر فائرنگ کردی جس میں مزید 15 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ حملے کے وقت سرکاری عمارت میں غیرملکی امدادی تنظیموں کے ساتھ اجلاس ہو رہا تھا۔ سرکاری عمارت میں مسلح افراد اور فورسز میں جھڑپ 5 گھنٹے تک جاری رہی۔

مسلح افراد نے کئی شہریوں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ ذرائع کے مطابق حملے میں کئی افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق ایک مسلح شخص نے عمارت کے گیٹ پر دھماکا کیا اور دو  حملہ آور اندر داخل ہوگئے۔ صوبہ پکتیا میں مسلح افراد نے 22 مسافروں کو اغوا کرلیا۔ علاوہ ازیں صوبہ ننگرہارمیں  خود کش حملے میں داعش کے مخالف مقامی ملیشیا کا اہم کمانڈر جاں بحق ہو گیا، حملہ آور نے کمانڈر حیات خان کو نشانہ بنایا۔

Source

You might also like