غیر قانونی تارکین وطن کو امارات چھوڑنے کے لیے مشروط معافی

ایمنسٹی کی مدت 3 ماہ رکھی گئی ہے،فوٹو: ٹوئٹر
دبئی: متحدہ عرب امارات کی حکومت نے غیر قانونی اور زائد المیعاد ویزے والے تارکین وطن کے لیے ایمنسٹی کا اعلان کردیا۔
اماراتی میڈیا کے مطابق یو اے ای کی حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم اور ویزے کی میعاد ختم ہونے کے باوجود رہائش پذیر تارکین وطن کے لیے مشروط معافی کی اسکیم متعارف کرائی ہے، اس پیشکش کا مقصد غیر قانونی طور پر رہنے والے غیر ملکیوں کو بغیر کسی جرمانے اور سزا کے امارات سے نکل جانے کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔
یکم جولائی سے شروع ہونے والی ایمنسٹی اسکیم 31 اکتوبر تک جاری رہے گی،اس دورانیے میں رضاکارانہ طور پر امارات چھوڑنے والے کسی بھی غیر قانونی تارکِ وطن پر کوئی سختی نہیں کی جائے گی بلکہ یو اے ای سے نکلنے کے لیے اسے حکومت کی جانب سے مدد اور سہولیات فراہم کی جائیں گے۔
ایمنسٹی کا اعلان ہوتے ہی سیکڑوں کی تعداد میں غیر قانونی تارکین وطن نے امارات چھوڑنے کے لیے متعلقہ ادارے سے رجوع کرتے ہوئے ایگزیٹ پاس کے لیے درخواست دے دی، حکومت نے ان افراد کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے ہیں جہاں ان کے رہنے اور کھانے پینے سمیت دیگر ضروریات کاپورا خیال رکھا جارہا ہے۔
ایمنسٹی کی مدت 3 ماہ رکھی گئی ہے جس کا آغاز یکم اگست سے ہوگیا ہے جو 31 اکتوبر تک جاری رہے گی،اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کے لیے یواے ای کے دروازے آئندہ کے لیے بند نہیں ہوگئے،ایسے تارکین وطن ویزا حاصل کرکے دوبارہ امارات میں داخل ہوسکیں گے۔
Source