چلاس میں نامعلوم افراد نے 12 تعلیمی اداروں کو نذر آتش کردیا

پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے فوٹو: فائل
گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں دہشتگرد گردوں نے 12 تعلیمی اداروں پر حملہ کر کے انہیں آگ لگادی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دیامر میں چلاس کے علاقے داریل اور تنگی میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب نامعلوم افراد نے 10 تعلیمی اداروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کے بعد انہیں آگ لگادی جب کہ 2 کو تباہ کرنے کے لیے بارودی مواد بھی استعمال کیا۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔آئی جی پی گلگت بلتستان ثناء اللہ عباسی، فورس کمانڈر میجر جنرل ثاقب محمود بھی چلاس پہنچ گئے ہیں۔
کمشنر دیامر عبدالوحید شاہ نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم شرپسندوں نے کچھ زیر تعمیر اسکولوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اسکولوں میں دھماکوں کی اطلاعات درست نہیں۔ نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔