نئی حکومت تشکیل ہوتے ہی تحریک انصاف کرپٹ عناصر کا کیا انجام کرنے والی ہیں؟ یاسمین راشد نے ناقابل یقین بات کہہ دی

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر مرکزی رہنماو پنجاب اسمبلی میں نامزد ایم پی اے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف عوام کی مقبول ترین جماعت ہے ،عوام نے بھرپور مینڈیٹ دیا ہے جس کا احترام ہونا چاہئے، چند مفاد پرست سیاستدان نہیں چاہتے کہ پاکستان آگے بڑھے
اگر یہ قوم سے مخلص ہیں تو انتخابی نتائج قبول کریں اور احتجاج کی بجائے پارلیمنٹ میں اپنے تحفظات پیش کریں تاکہ جمہوری عمل مزید پختہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکی ہمارے پاس نمبر گیم مطلوبہ تعداد سے زیادہ ہو چکے، پنجاب میں بھی خیبر پختونخواہ کی طرح پولیس،،پٹوار کے ساتھ ساتھ صحت تعلیم کے شعبوں میں بھی انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں گی پولیس میں سیاسی اثر اسوخ کو ختم کرکے عوام کے ماتحت کیا جائے گا،(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے ادوار میں قومی اداروں کو کمزور اور بے وقعت کیا گیا جس کے باعث آج پاکستان کا ادارتی نظام اپنی افادیت کھو چکا ہے تحریک انصاف اداروں کو مضبوط کرے گی اور عمران خا ن کی کرپٹ عناصر کے خلاف جہدوجہد کامیاب ہوگی،پی ٹی آئی کی حکومت کی تشکیل میں روڑے اٹکانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں، ہار اورجیت سیاسی عمل کا حصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف حکومت تشکیل دیتے ہی کرپٹ عناصر کا کڑا محاسبہ کرنے سمیت انکے حواریوں کو بھی بے نقاب کرے گی، صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنا کر الیکشن کمیشن، نگران حکومت اور سکیورٹی اداروں نے نئی تاریخ رقم کی ہے اگر کسی حلقے پر کسی کو کوئی اعتراض ہے
تو وہ آئینی راستہ اختیار کرے ،قوم کی واضح اکثریت نے نواز شریف کا بیانیہ مسترد کرتے ہوئے اپنے لئے اچھے حکمران کا انتخاب کرلیا ہے۔اور ہم عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کرتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق عمران خان سے بنی گالہ میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق، ڈاکٹر یاسمین راشد پنجاب کی وزارت اعلیٰ کی مضبوط امیدوار ہیں پی ٹی آئی ارکان کی بڑی تعداد یاسمین راشد کی حامی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، ڈاکٹر یاسمین راشد کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ون ٹو ون ملاقات بنی گالہ میں ہوئی، جس میں پارٹی کی جیت کے بعد حکومت سازی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے حلقہ این اے 125 کے بارے میں رپورٹ بھی پیش کی۔خیال رہے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اپ ڈیٹ کے مطابق ای سی پی کو اب تک نیشنل اسمبلی کی 230 جبکہ صوبائی اسمبیلیوں کی 500 نشستوں کے نتائج موصول ہو چکے ہیں جو کہ مجموعی تعداد کا 86.8 فیصد ہے۔قومی اسمبلی کی 230 نشستوں کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف 116 سیٹوں کے ساتھ پہلے، پاکستان مسلم لیگ (ن) 64 سیٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 43 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ان جماعتوں کے علاوہ متحدہ مجلس عمل 12، پاکستان مسلم لیگ (ق) 4، بلوچستان نیشنل پارٹی 3، متحدہ قومی موومنٹ 6 اور بلوچستان عوامی پارٹی 2 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔(ف،م)