سنیل گواسکر، عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شریک ہونگے یا نہیں ؟ تازہ ترین خبر
نئی دہلی (ویب ڈیک ) سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں شرکت پر تذبذب کا شکار ہیں۔تحریک انصاف نے عام انتخابات میں اکثریت حاصل کی ہے جس کے بعد پارٹی چیئرمین عمران خان متوقع وزیر اعظم ہوں گے۔
تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کے مطابق عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے سنیل گواسکر، کپل دیو، نوجوت سنگھ سدھو اور بالی وڈ اداکار عامر خان کو دعوت دی گئی ہے۔تقریب حلف بردار ی میں شرکت کے لیے تاحال صرف سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے حامی بھری ہے جب کہ بالی وڈ اداکار عامر خان تقریب میں شرکت سے معذرت کرچکے ہیں ہے اور اب سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر بھی تذبذب کا شکار ہیں۔بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پارٹی کی جانب سے گزشتہ روز دعوت نامہ موصول ہوا لیکن ان کی تقریب حلف برداری کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے۔تقریب میں شرکت کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ تقریب میں شرکت مشکل لگ رہی ہے جس کی وجہ بھارت اور انگلینڈ کے مابین ٹیسٹ میچ اور پھر انگلینڈ روانگی ہے۔ایک سوال کے جواب میں سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ باقاعدہ دعوت نامہ موصول ہونے کے بعد حکومت سے بھی اجازت طلب کروں گا اور حکومت نے اجازت دی تو شرکت کروں گا۔دوسری جانب ایک خبر کے مطا بق تحریک انصاف نے عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں شرکت
کے لیے سابق بھارتی کرکٹرز کپل دیو، سنیل گواسکر، نوجوت سنگھ سدھو اور بالی وڈ اداکار عامر خان کو مدعو کرلیا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹرز بھی مدعو ہیں جس میں سنیل گواسکر، کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تقریب میں بالی ووڈ اداکار عامر خان کو بھی مدعو کیا گیا ہے جب کہ بھارتی کھلاڑیوں اور اداکار کو مدعو کرنے کا فیصلہ پارٹی نے کیا ہے۔فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تقریب حلف برداری میں دیگر عالمی شخصیات کو مدعو کرنے کا فیصلہ دفتر خارجہ کرے گا کہ عالمی شخصیات کو بلانے کا وقت ہے بھی یا نہیں۔دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کا دعوت نامہ قبول کر لیا ہے۔نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی تقریب حلف برداری کا دعوت نامہ قبول کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بلند کردار کے آدمی ہیں۔سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پاکستان جاؤں گا کیونکہ عمران خان قابل اعتماد ہیں۔نوجوت سنگھ سدھو نے مزید کہا کہ کھلاڑی لوگوں کو متحد کرتے ہیں۔واضح رہے کہ آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 2 کے تحت پولنگ ڈے سے 21 دن کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا ضروری ہوتا ہے۔ نو منتخب ارکان قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں حلف اٹھاتے ہیں۔(ف،م)