تحریک انصاف میں اختلاف کی خبروں کا ڈراپ سین۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پرویز خٹک کے بیان نے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ عمران خان کے سپاہی ہیں، پروپیگنڈا بند کیا جائے، میں گنتی کر کے بتاسکتا ہوں ہم نے نمبر گیم مکمل کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے نومنتخب رکن اسمبلی پرویز خٹک نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ

ہم عد لیہ اور الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں، عمران خان کے سپاہی ہیں، پروپیگنڈا بند کیا جائے۔پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ محمود خان بہترین انسان ہیں، نامزدگی پر مبارکباد دیتا ہوں، پی ٹی آئی نے نمبر گیم مکمل کرلیا ہے۔گذشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں انٹرویو دیتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ محمودخان کی وزیراعلیٰ کے پی نامزدگی پر خوش ہوں، وہ اچھے اور محنتی شخص ہیں، امید ہے بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔انہوں نے کہا تھا مالاکنڈ ڈویژن سے کبھی کوئی وزیراعلیٰ نہیں بنا، یہاں سے وزیراعلیٰ بنانے سے مثبت پیغام جائے گا، مالاکنڈڈویژن میں پی ٹی آئی نے بہت اچھے نتائج دیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے قبول ہوگا، وہ کسی کے دباؤ میں نہیں آتے، جو بھی فیصلہ کرتے ہیں سوچ سمجھ کر کرتے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعلیٰ‌ کے پی کا نام سامنے آیا اور پارٹی چیئرمین کی جانب سے محمود خان کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا گیا۔اس سے قبل وزیراعلیٰ کے پی کے کے لئے پرویز خٹک اور عاطف خان کا نام لیا جا رہا تھا۔اور ان دونوں کے درمیاں آپس میں اختلاف کی خبریں بھی سرگرم تھیں۔

دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق الیکشن کمیشن نے ناشائستہ زبان کے استعمال کے کیس میں عمران خان، پرویز خٹک، ایاز صادق اور مولانا فضل الرحمان کی غیر مشروط معافی قبول کرلی۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے عمران خان، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور مولانا فضل الرحمان کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کرنے پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سماعت کی۔ایاز صادق کے وکیل کامران مرتضیٰ نے مؤقف اپنایا کہ وہ اپنے مؤکل کی جانب سے دست بستہ معافی مانگتے ہیں۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت پر ایاز صادق کا ویڈیو کلپ چلایا گیا، چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ دیکھیں ایاز صادق کہہ رہےہیں کہ الیکشن کمیشن کی اوقات کیا ہے، اس پر ایاز صادق کے وکیل نے ایک بار پھر معافی مانگی۔جب کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وکیل بابر اعوان اور پرویز خٹک نے بھی ناشائستہ زبان کے استعمال پر الیکشن کمیشن سے معافی مانگی، مولانا فضل الرحمان کے وکیل نے بھی اپنے مؤکل کی جانب سے معذرت کی جس پر چاروں رہنماؤں کے خلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔الیکشن کمیشن نے کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے چاروں رہنماؤں کی غیر مشروط معافی قبول کرلی اور مستقبل میں ایسی زبان استعمال نہ کرنے کی وارننگ دی ہے۔الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنانے کے ساتھ ہی پرویز خٹک اور سردار ایاز صادق کی کامیابی کے نوٹی فکیشنز بھی جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔واضح رہےکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے دوران ایازصادق، پرویز خٹک اور مولانا فضل الرحمان کے خلاف ناشائستہ زبان کے استعمال کا از خود نوٹس لیا تھا۔ (ش۔ز۔م)

Source

You might also like