انتخابی نتائج پر تحفظات؛ مسلم لیگ (ن) نے کل اے پی سی طلب کرلی

اے پی سی میں تمام جماعتیں مل کرلا ئحہ عمل طے کریں گے، شہباز شریف – فوٹو: فائل
اسلام آباد: حالیہ انتخابی نتائج پر تحفظات کے باعث مسلم لیگ (ن) نے کل آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حالیہ انتخابی نتائج پر تحریک انصاف کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اب ان نتائج کے بعد آگے کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے مسلم لیگ (ن) اور ایم ایم اے نے کل اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی ہے۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایم کیوایم کنو ینر خالد مقبول صدیقی کو ٹیلی فون کرکے انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جس پر ایم کیوایم رابط کمیٹی نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں تمام جماعتیں مل کرلا ئحہ عمل طے کریں گی۔
بعد ازاں لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا لیکن ہم عوام کا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیں گے، لاڈلے کو منتخب کرنا تھا وہ جیسے تیسے کرلیا تاہم کل اے پی سی میں آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پانچ سال میں افراتفری اور انتشار پھیلایا لیکن ہم اپنے عمل سے واضح کریں گے کہ ہم پی ٹی آئی نہیں ہیں جب کہ الیکشن کمیشن کو آڑ ٹی ایس کے بیٹھ جانے کا نوٹس لینا چاہیے۔